24 ستمبر 2016 - 13:33
شامی فوج اور فلسطینیوں کے قدس بریگیڈ نے حندرات کیمپ کو داعش کے قبضے سے آزاد کرالیا

شامی فوج اور فلسطینیوں کے قدس بریگیڈ نے شمال مشرقی حلب کے علاقے حندرات کیمپ کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق شام کے دارالحکومت دمشق میں عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ شامی فوج اور قدس بریگیڈ کے جوانوں نے دو روز کی شدید لڑائی کے بعد شمال مشرقی حلب کے علاقے حندرات کیمپ پر مکمل تسلط حاصل کرلیا ہے۔

شامی فوج نے جمعے کے روز حلب کا محاصرہ تنگ کرنے کے لیے مشرقی حلب میں تین جانب سے پیشقدمی کا آغاز کیا تھا۔

شامی فوج کی مرکزی کمان نے جمعرات کی شام کو جاری کئے گئے ایک بیان میں مشرقی حلب کے مختلف علاقوں میں آپریشن کا اعلان کرتے ہوئے عام شہریوں سے اپیل کی تھی کہ وہ دہشت گردوں کے کیمپوں اور ٹھکانوں سے دور چلے جائیں۔

اس بیان میں کہا گیا تھا کہ دہشت گردوں کے زیر قبضہ علاقوں سے آنے والے شامی شہریوں کے لیے محفوظ راستہ بنادیا گیا ہے اور عارضی قیام و طعام کی سہولتیں فراہم کردی گئی ہیں۔

شامی فوج کی مرکز کمان کے مطابق، دہشت گردوں کے فریب میں آنے والے شامی شہریوں کو خود سپردگی کی صورت میں کچھ نہیں کیا جائے گا اور انہیں بھی قیام و طعام کی تمام سہولیتں فراہم کی جائیں گی-

۔۔۔۔۔۔۔

/169